میسورو،24؍اکتوبر (ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے صحت وطبی تعلیم ڈاکٹر سدھاکر نے بتایا کہ دسہرہ تقریبات کے پیش نظر میسور میں کثیر تعداد میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر عوام پر قابو پانے تکنیکی صلاح کمیٹی کے ساتھ تبادلہئ خیال کیا جائے گا۔ یہاں سرکاری گیسٹ ہاؤز میں کورونا پر قابو پانے کے سلسلہ میں طلب کردہ اجلاس میں شرکت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سدھاکر نے اس خیال کا اظہار کیا۔
انہو ں نے بتایا کہ جمعہ کے بعد شہر میسورو میں کثیر تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے، اس لئے عوام پر قابو پانے صلاح کمیٹی کے ساتھ تبادلہ ئخیال کرکے فیصلہ لیا جائے گا۔ انہو ں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے میسورو ضلع میں کورونا پر ایک حد تک قابو پایا گیا، اس سے قبل کووِڈ۔19متاثرین کا تناسب 19فیصد تھا جو گھٹ کر 9.3فیصد ہوا ہے اور ضلع میں آئی سی یو آکسیجن بستر خالی ہیں۔
ڈاکٹر سدھار کر نے بتایا کہ کورونا وائرس پر قابوپانے ویکسین جنوری میں جاری ہونے کی توقع ہے،اگر ویکسین کا پتہ لگا تو ریاستی عوام میں تقسیم کرنے کے سلسلہ میں ماہرین کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ اس دوران میسورو کی میئر تسنیم بانو نے الزام لگایا ہے کہ ضلع ڈپٹی کمشنر روہنی سندھوری نے پروٹوکال کی خلاف ورزی کی ہے۔
یہاں ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے تسنیم نے بتایا کہ دسہرہ تقریب کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ کے استقبال کے لئے پروٹوکال کے تحت میئر کو موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ پولیس نے انہیں اندر جانے کا موقع نہیں دیا اور افتتاحی تقریب میں ضلع نگراں کار وزیر سے متصل نشست میئر کے لئے مختص ہے لیکن اس کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔